یو این آئی
سرینگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے ) کشمیر نے بدھ کو اننت ناگ اور پلوامہ میں مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔ یہ کارروائیاں اُس حساس کیس کے سلسلے میں کی گئیں جس کا تعلق 2005 میں حزب ڈویژنل کمانڈر امین بابا کے پاکستان فرار ہونے سے ہے ۔ایس آئی اے کے مطابق،سابق رکن اسمبلی حلقہ ہوم شالی بگ گل رفیقی اور ان کے قریبی ساتھیوں کی مدد سے حزب کمانڈر امین بابا کا فرار ہونا ممکن ہو پایا تھا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے نہ صرف امین بابا کے لئے جعلی پاسپورٹ تیار کرایا بلکہ اسے رکن اسمبلی کی سرکاری گاڑی میں اننت ناگ سے اٹاری واگہہ امرتسر تک پہنچایا، جہاں سے وہ سرحد پار کرکے پاکستان فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ابتدا میں اس معاملے کی ایف آئی آر (نمبر 98/2005) پولیس سٹیشن بجبہاڑہ میں درج ہوئی تھی، تاہم 2023 میں کیس کو خصوصی اور جامع تحقیقات کے لئے ایس آئی اے کے سپرد کر دیا گیا۔ اب تک ایجنسی نے اس کیس میں سابق ایم ایل اے اور ان کے پرائیویٹ سکریٹری سمیت چار افراد کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش بدستور جاری ہے ۔