عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے کلا بن گاؤں میں زمین دھنسنے کے نتیجے میں 30 سے زائد ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جن میں رہائشی مکانات، دو سرکاری اسکول، ایک مسجد اور قبرستان شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے سبب زمین دھنسنے کا سلسلہ شروع ہوا، جس نے پورے گاؤں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ درجنوں خاندان پہلے ہی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ مزید گھروں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 30 مکانات، دو سرکاری اسکول، ایک مسجد اور قبرستان کو نقصان پہنچ چکا ہے، درجنوں دیگر مکانات میں بھی دراڑیں پڑنے کا خدشہ ہے اور وہ کسی بھی وقت گر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ متبادل رہائش فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق زمین دھنسنے کا عمل ابھی بھی جاری ہے، اس لیے اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنا ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل بحالی کے اقدامات کرے تاکہ انہیں مستقبل میں بھی اس طرح کی آفات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
پونچھ میں زمین دھنس جانے سے 30 سے زائد ڈھانچے متاثر، کئی خاندان بے گھرے
