عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کولگام میں اپنی جانیں گنوانے والے دو فوجی جوانوں کو یہاں ان کے اعزاز میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی ایک تقریب کے دوران شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ان جوانوں کی مثالی ہمت، غیرمتزلزل بہادری اور لازوال قربانی کو ہمیشہ انتہائی احترام اور تشکر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں انکائونٹر کے دوران دو فوجی جوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس انکائونٹر کے دوران 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں میں صوبیدار پربھات گور اور لانس نائیک نریندر سندھو شامل ہیں ۔
وزیر اعلیٰ کے ’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیاوزیر اعلیٰ نے آج کولگام میں اپنی جانیں گنوانے والے دو بہادر فوجی جوانوں کو پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پوسٹ میں کہا گیاانہوں نے کہا کہ ان کی مثالی جرات، غیرمتزلزل بہادری اور لازوال قربانی کو ہمیشہ انتہائی احترام اور تشکر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔فوج کی چنار کور نے بھی ان بہادر جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا چنار کور بہادروں، صوبیدار پربھات گور اور لانس نائیک نریندر سندھو کی قوم کے لئے فرض کی ادائیگی میں پیش کی جانی والی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کی ہمت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ فوج غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
عمر عبداللہ کا کولگام انکائونٹر میں قربانی دینے والے دو فوجی جوانوں کو خراج عقیدت
