نسیم باغ میں تقریب،نیشنل کانفرنس قیادت نے مقبرہ پرگلباری کی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی قیادت نے کل سابق وزیراعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کو ان کی43ویں برسی پرشاندارخراج عقیدت پیش کیا۔پارٹی صدرڈاکٹر فاروق ،نائب صدرعمرعبداللہ اورتنظیم کے دیگررہنمااورکارکن پیرصبح کومرحوم کے مقبرے واقع نسیم باغ پہنچے اور ان کی قبر پرپھول نچھاور کئے اورایصال ثواب کیلئے فاتحہ خو انی کی۔ اس سے قبل صبح صادق ہی شیر کشمیر ریڈنگ روم نسیم باغ میں حسب قدیم قرآن خوانی کی مجلس بھی آراستہ ہوئی۔اس موقعہ پرپارٹی لیڈران نے مرحوم شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے دور قیادت کو فکر مندانہ اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے حکیمانہ قرار دیا ۔پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزارِ قائد پر گلباری اور فاتحہ خوانی کے بعد پارٹی لیڈران، عہدیداران، کارکنان اور عام شہریوں کا اپنے محبوب قائد کو ناخوشگوار موسم کے باوجود خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جوق در جوق آنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اللہ کے دربارِ میں سربسجود ہوکر جموں و کشمیر کو موجودہ سخت ترین موسمی صورتحال سے نجات اور جموں وکشمیر کو درپیش چیلنجوں میں سرخرو ہونے کیلئے دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی قہرسامانیوں سے بہت مالی اور جانی نقصان ہوا، میوہ باغات تہس نہس ہوکررہ گئے ہیں ۔ادھر جموں میں شیخ محمد عبداللہ کی برسی کے سلسلے میں شیر کشمیر بھون میں بھی ایک پُر وقار تقریب پر مرحوم قائد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ خطہ چناب اور پیرپنچال کے علاوہ کرگل اور لداخ میں خراج عقیدت کی تقاریب کا انعقاد ہوا۔ ان تقاریب میں پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی اور شیخ محمد عبداللہ کو سنہری الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔