کرایہ محض 20روپے،درماندہ مسافروں نے راحت کی سانس لی،انتظامیہ کا شکریہ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں سرینگر قومی شاہراہ کی مسلسل بندش کے پیش نظر شمالی ریلوے نے پیر کے روز کٹر ہاور سنگلدان کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کی تاکہ پھنسے ہوئے مسافروں، طلباء اور ملازمین کو راحت فراہم کی جا سکے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ویشنو دیوی ریلوے سٹیشن کٹرہ (ضلع ریاسی) سے سنگلدان ریلوےسٹیشن (ضلع رام بن) تک مقامی ٹرین چلائی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ پانچ روزہ سروس 8 سے 12 ستمبر تک جاری رہے گی اور مسافروں سے محض 20روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔ اس 63 کلو میٹر کے سیکشن پر ٹرین ریاسی، بکل اور دُگہ اسٹیشنوں سے گزرے گی۔ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا’’انتظامیہ کی درخواست پر ریلوے بورڈ نے یہ فیصلہ لیا تاکہ درماندہ مسافروں، مریضوں اور طلباء کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ پہلی ٹرین صبح 8:40بجے کٹرہ سے روانہ ہوئی جبکہ دوپہر 2 بجے واپسی کا شیڈول بنایا گیا‘‘۔پہلے ہی دن 464مسافروں نے کٹرا سے سنگلدان تک سفر کیا۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو کئی دنوں سے جموں اور رام بن میں پھنسے ہوئے تھے۔ٹرین میں سفر کرنے والے ایک مقامی رفیع محمد نے کہا’’ہم اپنے گھر کے سفر کو آسان بنانے کے لیے ٹرینیں چلانے کے لیے ریلوے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم نو دنوں سے جموں میں پھنسے ہوئے تھے۔ ہائی وے بند تھی۔ آج ہم سنگلدان میں گھر کے لیے روانہ ہونے پر خوش ہیں‘‘۔اسی طرح، زینت بیگم، جو جموں میں ایک ہفتے سے زیادہ کی سرجری کے بعد پھنسی ہوئی تھیں، بانہال گھر واپس آنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہم بہت خوش ہیں۔ ہم ریلوے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑی راحت ہے‘‘۔جموں و کشمیر میں 26 اگست سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں شدید بارش اور اچانک سیلاب کے بعد عام ٹرین کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔اب تک ناردرن ریلوے نے 21 ٹرینوں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔