عارف بلوچ
اننت ناگ//کولگام ضلع کے گدر جنگلاتی علاقہ میںمسلح تصادم آرائی کے دوران2 فوجی اہلکار اور 2ملی ٹینٹ ہلاک ہوگئے جبکہ جونیئر کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوا ۔پولیس نے کہا ہے کہ 9 آر آر،سی آرپی 18 بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جنگلاتی علاقہ گدر میں سوموار کی صبح ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد آپریشن شروع کیا۔پولیس نے کہا کہ اس دوران سیکورٹی فورسز جوہنی مشتبہ جگہ کے قریب پہنچے تو یہاں موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج معالجہ کے لئے آرمی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھے ۔مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت سوبیدار پربھات گور اور لانس نائک نریندر سندھو کے بطور ہوئی ہے۔جبکہ زخمی جونیئر کمیشنڈ آفیسر کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ملی ٹینٹوں کے ابتدائی حملے کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن وسیع کیا گیا۔اسکے بعد طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پہلے ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت ہوئی اور دوسرے ملی ٹینٹ کیساتھ کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جسے بعد میں ہلاک کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ علاقے میں ایک اور ملی ٹینٹ کی موجودگی ہوسکتی ہے۔ذرائع نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت رحمان بھائی ساکن پاکستان اور عامر ڈار ساکن دارم دورکیگام شوپیان کے بطور ہوئی ہے۔عامر ڈار 28ستمبر 2023 سے سرگرم تھا جبکہ مہلوک رحمان بھائی کافی عرصہ سے پیر پنچال پہاڑیوں میں سرگرم رہا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ مہینے اسی ضلع میں وادی کا طویل ترین آپریشن ہوا تھا جو قریباً 14 دن تک جاری رہا ۔