عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //درگاہ حضرت بل کو امن کی علامت قرار دیتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رججو نے درگا ہ کے اندر اشوک نشان کی توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کی ہے ۔ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا ’’ درگاہ حضرت بل امن کی علامت ہے۔ حضرت محمد ﷺکے آثار سے درگاہ کے گہرے تعلق نے واقعی اس کی شبیہ کو ایمان اور اتحاد”کی روشنی میں اہم کردار ادا کیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ میں درگاہ حضرت بل کے افتتاحی پتھر سے مقدس اشوک کے نشان کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتا ہوں‘‘۔وہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی کو جواب دے رہے تھے، جنہوں نے توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کی۔ خیال رہے کہ درگاہ حضرت بل سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لوگوں کو وہاں لگے ایک پتھر پر سے اشوک کے نشان کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔