عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/بارہمولہ کے اوڑی میں حکام نے ہفتہ کو ایک ہنگامی عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافے کے بعد لوگوں سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔حکام کے مطابق، دریا اس وقت تقریباً 630 کیومیکس پر بہہ رہا ہے اور آئندہ گھنٹوں میں مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ایڈوائزری میںحکام نے جہلم اور دیگر آبی ذخائر کے قریب کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کو سختی سے ممنوع قرار دیا ہے۔نشیبی اور حساس علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو گھروں میں رہنے، سرکاری وارننگز پر توجہ دینے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 112 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہےتمام متعلقہ محکموں کو زیادہ سے زیادہ چوکس رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔دریں اثناء، ایس ڈی ایم اوڑی نے تحصیلدار اوڑی/بونیار کو دریا کے قریب عوامی نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ این ایچ پی سی- I اور II کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیلابی علاقوں میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے اعلانات کریں۔
مزید برآں، ایک 24×7 سب ڈویژن کنٹرول روم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ شہری مدد حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ہیلپ لائن نمبروں پر رابطہ کر سکیں: 7780940038 اور 9103303428
جہلم میں پانی کی سطح بلند، اوڑی میں حکام نے سیلاب ایڈوائزری جاری کر دی
