عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل سری نگر میں’ یوم اساتذہ ‘کی تقریب سے خطاب کیا۔ اُنہوں نے عظیم ماہر تعلیم اور سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جموں و کشمیر سے آئے ہوئے ایوارڈ یافتہ اَساتذہ کو مُبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے کلیدی خطاب میں زور دیا کہ تعلیمی نظام کو دیرپا ترقی کے لئے تعلیم پر توجہ دینی چاہیے اور نوجوان نسل میں زِندگی کی باہمی وابستگی کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہیے۔اُنہوں نے کہا،’’معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن ہی خوشحالی اور سماجی مساوات کی کنجی ہے۔ ہمارا تعلیمی نظام نوجوانوں کو یہ سکھائے کہ ہمارے قدرتی وسائل محدود ہیں اور ان کا تحفظ ضروری ہے۔‘‘سِنہا نے مزید کہا کہ’’دنیا میں آفات سماوی میں اِضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں جانوں کی ضیاع ، بنیادی ڈھانچے کو نقصان اور سماج متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں وارننگ سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا اور اور آفاتِ سماوی اور موسمیاتی لچک کے لئے مقامی آبادی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے محکمہ سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ ’’گرین جموں کشمیر ڈرائیو‘‘پروگرام کے تحت طالب علموں کو فیلڈ تجربات سے جوڑیں اور نصاب میں مناسب تبدیلیاں لائیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’ہمیں فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنے کی قدیم روایت کو بحال کرنا چاہیے ۔ماحولیاتی تبدیلی کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جانا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے اَساتذہ پر زور دیا کہ وہ نہ صرف تعلیم دیں بلکہ طلبأ میں کردار سازی، سائنسی سوچ، تخلیقیت اور جستجو کا جذبہ بھی پیدا کریں۔اُنہوں نے کہا،’’استاد کو طلبأ کو بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دینی چاہیے، ان کے کردار کی تعمیر کرنی چاہیے اور انہیں وہ اقدار سکھانی چاہئیں جو زِندگی کے چیلنجوںکا سامنا کرنے میں مدد کریں۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’اساتذہ کو ٹیکنالوجی سے مقابلہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے طالب علموں کے فائدے کے لئے اِستعمال کرنا سیکھنا چاہیے۔ ٹیکنالوجی ایک معاون کے طور پر کام کرے گی جو تعلیمی نظام کو مضبوط کرے گی۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنرنے جموں و کشمیر میں حالیہ آفاتِ سماوی میںاَپنی قیمتی جانیں گنوانے والے لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُنہوں نے کہا،’’وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے یقین دہانی کی ہے کہ متاثرہ کنبوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔‘‘