یواین آئی
نئی دہلی/نیوزی لینڈ کے سابق کپتان راس ٹیلر نے ریٹائرمنٹ سے واپسی کر لی ہے ۔ تاہم اب وہ نیوزی لینڈ کی نہیں بلکہ سموا کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔41 سالہ مڈل آرڈر بلے باز ٹیلر آئندہ ایسٹ ایشیا-پیسیفک ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں سموا کی جانب سے کھیلیں گے ۔ٹیلر نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے لکھا: “اب یہ باقاعدہ ہے ۔ مجھے فخر ہے کہ میں کرکٹ میں نیلی جرسی پہن کر سموا کی نمائندگی کرنے جا رہا ہوں۔ یہ نہ صرف میرے پسندیدہ کھیل میں واپسی ہے بلکہ اپنی وراثت، ثقافت، گاؤں اور خاندان کی نمائندگی کرنے کا بڑا اعزاز بھی ہے ۔ میں اس موقع کے لیے پرجوش ہوں۔”ٹیلر کو اپنی والدہ کی وراثت کے باعث سموا کا پاسپورٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے اپریل 2022 میں نیوزی لینڈ کے لیے آخری بار کھیلا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ان کا تین سالہ کولنگ آف پیریڈ بھی مکمل ہو گیا ہے اور اب وہ سموا کے لئے کھیلنے کے اہل ہیں۔ ٹیلر نے 2006 سے 2022 تک نیوزی لینڈ کیلئے 112 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 102 ٹی20 کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے بالترتیب 7683، 8607 اور 1909رنز بنائے ہیں۔