انتظامیہ نے کیا علاقہ کا دورہ ، جلد مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری موسلا دھار بارشوں نے مقامی آبادی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کئی گھروں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ کچھ مکانات زمین کھسکنے سے مکمل طور پر غیر محفوظ ہوگئے، جس کے باعث درجنوں مکینوں نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کی۔اس دوران آج کشمیر عظمیٰ نے علاقہ اندھ کا دورہ کیا جو گول سب ڈویژں صدر مقام سے بارہ کلو میٹر دوری پر واقع ہے یہ جہاں اس ضلع کی آخری نیابت ہے وہیں یہ اس کا آخری علاقہ بھی ہے اور اس کی ایک سرحد ضلع ریاسی کے ساتھ ملتی ہے ۔ حالیہ شدید بارشوں کے دوران یہاں لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی لوگوں کے مطابق بارشوں کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے سے آمدورفت کا نظام متاثر ہے، بجلی اور پانی کی سپلائی بھی مسلسل تعطل کا شکار ہے۔ زرعی زمین اور باغات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے جس سے کسان سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔لوگوں کے مطابق شدید بارشوں کے دوران اچانک اندھ نیابت کے اوپری والے علاقے سے کافی بڑی پسی نکل آئی جس وجہ سے یہاں نیابت کے ساتھ ساتھ دیگر چھ سے زائد گھروں کو ہجرت کرنی پڑی ۔ لوگوں کے مطابق بڑے بڑے پتھروں کے ساتھ مٹی کے بڑے بڑے تودے گر آئے اور اندھ ماسوا روڈ تک یہ پسی گر آئی ۔ وہیں اس شدید بارشوں کے دوران علاقہ سوسنی میں بھی بڑے بڑے پتھر گر آنے کی وجہ سے تیرہ کے قریب لوگوں کو ہجرت کرنی پڑی ۔ لوگوں کے مطابق اگر مزید بارشیں رہیں تو پھر سے پسیاں گر آنے کا خطرہ ہے ۔مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اس وقت ہمارا ایم ایل اے ہے ، ہماری ڈی ڈی سی چیر پرسن ہے لیکن وہ تمام غائب ہیں الیکشن کے دوران وہ نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتے کے بعد ایم ایل اے نے کہا تھا کہ وہ مہینے میں ایک بار ضرور گول سب ڈویژن کا دورہ کریں گے لیکن الیکشن ختم ہونے کے بعد وہ غائب ہی ہو گیا ہے اور ہمارا کوئی پر ساں حال نہیں ہے ۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سب ڈویژن مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) گول امتیاز احمد ،ایس ڈی پی او گول نے اندھ اور ارد گرد کے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ عوام سے براہ راست بات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن امداد فراہم کرے گی اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی بحالی، بجلی اور پانی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف بھی دیا جائے گا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے اس بروقت دورے کو سراہا تاہم ان کا کہنا ہے کہ جب تک مستقل بحالی اور مالی امداد فراہم نہیں کی جاتی، عوام کی مشکلات کم نہیں ہوں گی۔