عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں حکام نے جمعرات کی شام کو کلہامہ گاؤں کے کم از کم 11کنبوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، کیونکہ وولر جھیل میں پانی کی سطح بڑھنے سے ان کی حفاظت کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔
ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ وولر میں پانی کی سطح رات 11 بجے کے قریب 1576.00 میٹر تک پہنچ گئی تھی، جو کہ خطرے کے نشان 1578.00 میٹر سے صرف دو میٹر کم ہے، جس کے بعد حکام نے کچے گھروں کو فوری طور پر خالی کرا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان متاثرہ خاندانوں کو احتیاطی طور پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نادیہال میں منتقل کیا گیا ہے۔
اسی دوران حاجن علاقے میں بھی خوف کی فضا قائم ہوگئی کیونکہ عشمقام میں دریائے جہلم کی سطح 14 فٹ سے اوپر پہنچ گئی تھی۔
ایگزیکٹو انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ سمبل نے تاہم کسی بھی بڑے خطرے کو خارج از امکان قرار دیا۔ انہوں نے کہا،گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ پانی کی سطح مستحکم ہو گئی ہے اور اُمید ہے کہ اب یہ کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ تمام کمزور مقامات پر احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
اس سے قبل حکام کو ہاکا بارہ، وانگی پورہ، سادونارہ اور حاجن کے مقامی لوگوں کی طرف سے کمزور پشتوں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں، تاہم افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال پر چوبیس گھنٹے کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔