رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے ٹھلکہ علاقے میں ایک ٹیمپو اور ٹرک کے درمیان خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں چھ مسافر زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹیمپو نوشہرہ سے لمبیڑی کی طرف جارہا تھا کہ سامنے سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک سے زور دار ٹکر ہوگئی۔ حادثے کی شدت اتنی تھی کہ ٹیمپو بری طرح سے تباہ ہوگیا جبکہ سڑک پر کئی گھنٹوں تک آمدورفت متاثر رہی۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو قریبی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا۔ باقی چار زخمیوں کو نوشہرہ ہسپتال میں ہی زیر علاج رکھا گیا ہے اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے اور ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ پر تیز رفتاری پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جاسکے۔یہ حادثہ ایک بار پھر خطے میں سڑکوں کی خستہ حالی اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے سنگین نتائج کو اجاگر کرتا ہے۔