عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سینئر حکام سے بات کی ہے اور زیادہ بارش کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہیں فوج، فضائیہ، سی اے پی ایف، ضلعی انتظامیہ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کے ذریعہ زمین پر موجود بچا اور راحتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی تاکہ شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔انہیں بتایا گیا کہ اکھنور میں سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کو بی ایس ایف، این ڈی آر ایف اور پولیس نے محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔ اننت ناگ، بڈگام، پلوامہ کے تقریباً 67 دیہاتوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور پلوامہ اور شوپیان میں خانہ بدوش خاندانوں کو ضلعی انتظامیہ نے پناہ گاہیں فراہم کیں۔سرینگر شہر میں تقریباً 9 امدادی پناہ گاہیں ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر حکام سے کہا کہ وہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خلاف تمام ضروری احتیاطی اقدامات کریں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی یقین دلایا کہ مرکز کی طرف سے ضرورت مندوں کی بروقت امداد کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔انہوں نے راجوری ضلع کے کنگری، سندربنی میں ہونے والے سانحات سے متاثر ہونے والوں کے تئیں بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مسلسل بارش سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کی بھلائی کی خواہش کی ہے۔