سری نگر/ لگاتار بارشوں کے نتیجے میں سری نگر کے مضافاتی علاقے تیل بل میں نالہ میں آئی طغیانی سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ کے اُبلنے سے خواجہ باغ کا رہائشی علاقہ مکمل طور پر زیرِ آب آگیا اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق اچانک طغیانی آنے کے بعد لوگ اپنے مکانوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور انہیں نقل مکانی کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے کیونکہ مسلسل پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
ادھر تیل بل نالہ کی طغیانی نے زکورہ-شالیمار شاہراہ پر ٹریفک کو بھی بری طرح متاثر کر دیا ہے، جس سے عام لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جس کے بعد راہگیروں کو حرکت میں آنا پڑا۔
مقامی رہائشی غلام حسن ڈار نے بتایا کہ ’نالہ میں پانی کی سطح اچانک اتنی تیزی سے بڑھی کہ ہمیں سنبھلنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ چند ہی منٹوں میں پانی گھروں میں گھس آیا اور پورا علاقہ جھیل جیسا منظر پیش کرنے لگا۔‘
حکام نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر پانی کی سطح مزید بڑھی تو ریسکیو ٹیموں کو حرکت میں لایا جائے گا تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
یو این آئی، ارشید ب