متعدد جگہوں پر دھنس گئی، فوری کھلنے کا امکان نہیں
محمد تسکین
بانہال//منگل کی صبح سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ادہمپور اور بانہال کے درمیان بارشوں کے تازہ سلسلے کیوجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت پھر بند کردی گئی۔ شاہراہ کے پورے سیکٹر میں ہورہی بارشوں کی وجہ سے منگل کی صبح سے ٹریفک پلان کے مطابق چھوڑے جانے والے ٹریفک کو ادہمپور اور قاضی گنڈ سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں تھی۔ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر پتھروں کے گرنے کے باوجود شاہراہ سہ پہر تک قابل آمدورفت تھی تاہم بعد میں اسے بھی بند کر دیا گیا ۔ منگل کی شام ادہمپور سیکٹر میں سڑک کو مزید نقصان پہنچا اور شاہراہ کھولنے کے امکانات ایک بار پھر مسدود ہوگئے۔ ادہمپور میں شاہراہ کو پہنچے شدید نقصان کی وجہ سے شاہراہ پر پچھلے 8 روز کے دوران مشکل سے چوبیس گھنٹوں تک عارضی اور محدود ٹریفک کو ہی نکالا جا سکا اور منگل کی صبح سے جموں اور سرینگر سے تازہ ٹریفک کو نکالنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر منگل کی صبح سے ہی جاری موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور بارشوں کیوجہ سے ادہمپور میں تھرڈ پل ، سمرولی اور بلی نالہ سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پتھروں اور ملبے کی زد میں آئے ۔ رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر پتھرگرتے رہے۔ شیربی بی اور سیری رام بن کے درمیان کئی علاقوں میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پتھر گر رہے تھے اور منگل کی سہ پہر بعد مقامی ٹریفک کو بھی بند کردیا گیا ۔ادھر مغل روڈ اور سری نگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ایڈوائزری کے مطابق جاری ہے ۔ٹریفک حکام نے منگل کی صبح بتایا کہ تیز بارشوں کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو اجازت نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ اور وادی کو مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ سے جوڑنے والی سری نگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب ایڈوائزری جاری ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ سنتھن روڈ پر بھی ٹریفک بند ہے۔ آئی جی پی ٹریفک سلیمان چودھری نے شاہراہ کو غیر محفوظ قرار دیکر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو روز میں 1500میوہ گاڑیاں جموں کی طرف روانہ کی گئیں لیکن ابھی بھی قریب1600ٹرک قاضی گنڈ میں رُکے پڑے ہیں۔