یو این آئی
اسلام آباد/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز آصف علی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ آصف علی کا کہنا تھا کہ میرے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکریہ جنہوں نے ہر اچھے برے وقت میں میری حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے خوشی کے لمحوں اور سخت آزمائشوں خاص طور پر ورلڈکپ کے دوران پیاری بیٹی کی وفات جیسے وقتوں میں مجھے سنبھالا، آپ کی طاقت نے مجھے آگے بڑھنے کی ہمت دی۔ آصف علی کا کہنا تھا کہ میں ان شاء اللہ اپنا شوق جاری رکھتے ہوئے ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ آصف علی نے 21 ایک روزہ اور58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے پاکستان کے لیے آخری انٹرنیشنل میچ 2023 میں کھیلا تھا۔ آصف نے پاکستان کے لیے 58 ٹی ٹوئنٹی اور 21 ون ڈے کھیلے ۔ ٹی ٹوئنٹی میں آصف نے 15.18 کی اوسط سے 577 رنز بنائے جبکہ ون ڈے میں انہوں نے 25.46 کی اوسط سے 382 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے اپنا آخری ون ڈے اپریل 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلا، جب کہ انھوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ اگست 2023 میں ایشین گیمز میں بنگلہ دیش کے خلاف T20 فارمیٹ میں کھیلا۔ آصف کو 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کرنے کا موقع ملا، ڈیبیو سے قبل انہوں نے اسی سال پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صرف دو ماہ بعد انہیں ون ڈے میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا لیکن کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے وہ ٹیم میں مستقل جگہ حاصل نہ کر سکے ۔ آصف کو حال ہی میں پاکستان چیمپئنز کے لیے بھی کھیلتے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے فائنل میں جنوبی افریقی چیمپئنز کے خلاف 28 رنز بنائے تھے ۔