سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں مسلسل ہونے والی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف دیہات میں زمین دھنسنے اور لینڈ سلائیڈز کے واقعات پیش آئے ہیں۔ خاص طور پر تحصیل خواص کے بڈھال گاؤں‘ میں زمین کے دھنسنے سے سینکڑوں کنال اراضی متاثر ہوئی ہے جبکہ درجنوں خاندان سخت خطرے میں ہیں۔افسران کے مطابق بڈھال گاؤں میں تقریباً 200سے 300 کنال زمین دھنسنے لگی ہے، جس سے قریبی رہائشی علاقے کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکا، دل میر نے متاثرہ علاقے کو’رسک زون‘ قرار دیتے ہوئے گیارہ خاندانوں کی فوری انخلاء کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ تمام گھر پہلے ہی خالی کرالئے گئے ہیں، کچھ خاندانوں کو انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ خیموں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ کئی خاندان اپنے رشتہ داروں کے ہاں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ خدشہ موجود ہے کہ اگر زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری رہا تو یہ مکانات مکمل طور پر متاثر ہو سکتے ہیں‘‘۔اسی دوران تحصیل خواص کے کنگوٹہ گاؤں‘ میں بھی بارشوں کے نتیجے میں زمین کھسکنے کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں ’مال محلہ‘ میں لینڈ سلائیڈ کے باعث پانچ مکانات زمین بوس ہو گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ نے بتایا کہ ہفتہ کو دو اور اتوار کو مزید تین مکانات منہدم ہوئے جس کے نتیجے میں پانچ خاندان بے گھر ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور ان کی بحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔شدید بارشوں سے متاثرہ خاندان فی الحال سرکاری امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن مسلسل بارشوں کے باعث بحالی کے کاموں میں مشکلات درپیش ہیں۔یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محض گزشتہ ماہ ہی کوٹرنکہ سب ڈویژن کے ’پنجناڑہ گاؤں‘ میں بڑے پیمانے پر زمین دھنسنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 21 مکانات مکمل یا جزوی طور پر متاثر ہوئے تھے۔ اس وقت بھی متاثرہ خاندانوں کو ایک سرکاری اسپتال کی عمارت میں عارضی طور پر رہائش دی گئی ہے اور وہ اب تک بے گھر ہیں۔