عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//جموں و کشمیر میں ریشم سازی(سریکلچر)کی وراثت کو فروغ دینے کیلئے پیر کے روز سرنل اننت ناگ میں غنچہ ابریشم کے نیلامی مارکیٹ اور میرا ریشم میرا ابھیمان پروگرام کا افتتاح کیا گیا۔ اس سلسلے میں تقریب کی صدارت پی سی واکمار، آئی ایف ایس، سی ای او اور ممبر سیکرٹری سنٹرل سلک بورڈ(وزارتِ تجارت، حکومت ہند)نے کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سرکلچر جموں و کشمیر اعجاز احمد بٹ بھی موجود تھے۔تقریب میں سرکلچر ڈپارٹمنٹ( سی ایس آر اینڈ ٹی آئی (پانپورکے افسران و سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ یونین ٹی اور بیرونِ ریاست سے آئے ہوئے ریشم کے کیڑے پالنے والے کسان اور ککون خریدار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔اپنے خطاب میں ڈائریکٹر سرکلچر اعجاز احمد بٹ نے سنٹرل سلک بورڈ کے تعاون اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ککون نیلامی مارکیٹ اور میرا ریشم، میرا ابھیمان پروگرام ہزاروں کسانوں اور اسٹیک ہولڈروں کیلئے ایک مثبت تبدیلی ثابت ہوگی۔اس موقع پر پی سی واکمار نے میرا ریشم، میرا ابھیمان اقدام کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام جموں و کشمیر کے عالمی معیار کے ریشم کو فروغ دینے اور برانڈنگ کے ذریعے قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی سریکلچر وراثت اپنی نزاکت اور روایت کے لیے مشہور ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم مقامی کسانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانا، مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانا اور ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ صرف ایک اقتصادی اقدام نہیں، بلکہ ہماری ثقافتی وراثت کا جشن ہے اور زرعی برادری کے لیے پائیدار روزگار کو یقینی بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔