عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیرکے تاجروں اور کسانوں کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں بڈگام سے نئی دہلی تک روزانہ کی بنیاد پر ایک کارگو ریل سروس ستمبر کے آخر سے شروع ہونے جا رہی ہے۔ شمالی ریلوے کی اس نئی پہل کو وادی کے تجارتی طبقے کیلئے ایک ’گیم چینجر‘ قرار دیا جا رہا ہے۔کشمیر میں میوہ، سبزیاں اور دیگر اشیائے خوردنی کی ترسیل ہمیشہ سے موسمی حالات اور سرینگرجموں قومی شاہراہ کی بندش سے متاثر رہی ہے۔ خاص طور پر برفباری، بارش یا لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں ٹرانسپورٹ مکمل طور پر رک جاتی ہے، جس کے نتیجے میں تاجروں اور کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصانات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔گزشتہ دس برسوںمیں شاہراہ کی بندش کے باعث تاجروں کو تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ ایسے میں یہ نئی ریل سروس تاجروں کو ایک محفوظ، تیز اور قابل بھروسہ متبادل فراہم کر سکتی ہے۔کشمیر فروٹ گروورس ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد بشیر نے اس سروس کو ایک ’اہم پیشرفت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ:یہ سروس تاجروں کو اپنے مال کی بروقت ترسیل کے نئے مواقع فراہم کرے گی، جو شاہراہ کی بندش یا موسم کی خرابی کے باعث اکثر متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میوہ جات، سبزیوں اور دیگر اشیاء کو اب براہ راست دہلی کی منڈیوں تک پہنچایا جا سکے گا، جس سے خرابی یا تاخیر کا خطرہ کمہوگا اور مارکیٹ میں قیمت بہتر ملے گی۔