غلام نبی رینہ کنگن/ سونمرگ سے کرگل کی طرف جارہی ایک زائلو گاڑی زیرِ رجسٹریشن نمبر JK02BC/5894 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر شیطانی نالہ موڑ نزدیک گومری کے مقام پر تقریباً چار سو فٹ نیچے دریا میں جاگری۔ اس دلخراش حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور سمیت تین افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ہلاک شدگان و زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر سب ڈسٹرکٹ اسپتال دراس منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ڈرائیور کی شناخت راہل کے طور پر کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع صبح 3 بجکر 30 منٹ پر پولیس پوسٹ منی مرگ کو موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔ دراس پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔