سری نگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا خطہ ہمیشہ سے قدرتی حسن اور سیاحت کی اصل پہچان رہا ہے جبکہ آج کئی خطے اپنی شناخت دلکش نعروں کے ذریعے قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کی شام شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر (ایس کے آئی سی سی) سری نگر میں منعقدہ ایچ ڈی ایف سی بینک کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بینک کی ترقی، لچک اور جموں و کشمیر کے ساتھ طویل مدتی وابستگی کو سراہا۔
عمر عبداللہ نے وادی کی سیاحتی تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ صدیوں پہلے لال قلعے کی دیواروں پر کشمیر کو جنت ارضی کے طور پر کندہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی سیاحتی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہوگا کہ یہاں آنے والے مہمان دوبارہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ لوٹ کر آئیں۔
انہوں نے شرکا کو دعوت دی کہ وہ سری نگر کے علاوہ وادی کے دوسرے خوبصورت مقامات کی بھی سیر کریں۔ ان کا کہنا تھا، ’ہماری کامیابی کا معیار یہ نہیں ہوگا کہ ہم آپ کو یہاں ایک بار لے آئیں، بلکہ اصل کامیابی یہ ہوگی کہ آپ بار بار واپس آئیں۔‘
بینکاری کے شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی ایف سی بینک جموں و کشمیر کی اقتصادی ترقی کا ایک اہم شراکت دار بن چکا ہے۔ اس کے 124 شاخیں اور دور دراز علاقوں تک پھیلا ہوا اے ٹی ایم نیٹ ورک جمع پونجی، قرضہ جات، ترجیحی شعبہ فنانسنگ اور عوام دوست اقدامات کے ذریعے ریاست کے عوام کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے۔
عمر عبداللہ نے بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کا جموں و کشمیر میں سالانہ اجلاس منعقد کرنا نہ صرف اعزاز کی بات ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ مالیاتی ادارے اس خطے کے امکانات اور روشن مستقبل پر اعتماد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’ایچ ڈی ایف سی بینک کی موجودگی جموں و کشمیر کی صلاحیت اور مستقبل پر اعتماد کا اظہار ہے۔‘