سری نگر/ سرحدی ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب تلیل کے کشپتھ گاؤں میں ہفتے کی علی الصبح لگی آگ نے تباہی مچا دی، جس میں کم از کم 20 ڈھانچے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے اور کئی کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ آگ اچانک ایک مکان سے شروع ہوئی اور چند ہی لمحوں میں تیز شعلوں نے پورے محلے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چونکہ زیادہ تر مکانات لکڑی سے تعمیر شدہ تھے اس لئے آگ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور تمام تر کوششوں کے باوجود قیمتی ڈھانچے لمحوں میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق، آسمان کو چھوتی لپٹیں اور گھنا دھواں میلوں دور تک دکھائی دے رہا تھا، جبکہ گاؤں کے مرد، عورتیں اور بچے گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ کئی متاثرہ کنبے صرف تن کے کپڑوں کے ساتھ گھروں سے باہر بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ عہدیدار نے بتایا کہ آگ پر اگرچہ بروقت قابو پا لیا گیا، تاہم 20 ڈھانچے مکمل طور پر جل جانے سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، البتہ مکینوں کا سب کچھ اس آگ میں راکھ میں بدل گیا۔ دریں اثنا انتظامیہ نے ابتدائی راحتی امداد بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم گاؤں والے بڑے پیمانے پر سرکاری مدد اور بازآبادکاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔