اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں تباہ کن بارشوں کے بعدمسلسل چوتھے روز بھی مواصلاتی نظام ٹھپ رہا جبکہ تحصیل چلی پنگل ،کاہرہ ،بلاک گندوہ و چنگا کے درجنوں دیہات پانچویں روز بھی بجلی و پانی کی سپلائی سے محروم رہے۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ ضلع و سب ڈویژنل انتظامیہ کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی باز آبادکاری و راحت کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی اہم سڑکوں کے بعد اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کا گیا ہے جبکہ پانی، بجلی و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سبھی محکموں کو متحرک کیا گیا ہے۔اس دوران ممبر اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے بھی گندوہ چنگا و چلی پنگل کا دورہ کرکے سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔