عاصف بٹ
کشتواڑ//مسلسل چوتھے روز بھی ضلع کشتواڑ جہاں ایک طرف گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے وہیں سڑک و پانی کا نظام بھی مکمل طور منقطع ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چوتھے روز بھی کشتواڑ ضلع میں بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی جسکے سبب عوام خاص کر طلبہ بچوں و مریضوں کو سخت مشکلات سے دوچار ہوناپڑرہاہے۔ ڈوڈہ کے سوئی گواڑی میں بجلی کے دو ٹاور گرنے کے بعد حکام عارضی طور بجلی سپلائی بحال کرنے میں لگے ہیں لیکن چوتھے روز بھی سپلائی بحال نہ ہوسکی۔ حکام نے بتایا کہ بحالی کا کام جاری ہے اور آج شام تک بحالی کا امکان ہے۔اس دوران سنتھن شاہراہ پر پانچ روز بعد آمدرفت بحال کی گئی۔ حکام نے صبح سات بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک اس پر آمدورفت کی اجازت دی ۔ادھرمرگن گاورن سڑک کو بھی امدرفت کیلئے بحال کیا گیا ۔۔ اگرچہ ٹھاٹھری ڈوڈہ کشتواڑ سڑک کو بحال کیا گیا لیکن جموں کشتواڑ سڑک ہنوز آمدرفت کیلئے بند پڑی ہوئی ہے ۔ضلع کی اندرونی سڑک رابطے جن میں پاڈر کشتواڑ سڑک شامل ہے ،بھی ہنوز بند پڑی ہوئی ہے جس پر ابھی تک بحالی کا کام شروع نہ ہوسکا جبکہ دیگر اندرونی سڑک رابطے بھی ہنوز بند پڑے ہوے ہیں۔ یہی حال چھاترو مغلمیدان درابشالہ کا بھی ہےجہاں ابھی بھی بیشتر سڑک رابط ہیں۔دریں اثناء چوتھے روز بھی قصبہ و اسکے محلقہ علاقہ جات میں پانی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی جسکے سبب عوام پانی کی بوند بوندکو ترس رہی ہےاور اب قدرتی چشموں پر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ لوگوں نے سرکار و ایل جی انتظامیہ سے فوری طور بجلی و پانی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اور سڑک رابطے کو کھولنے کی اپیل کی تاکہ عوام کو مزید مشکلات درپیش نہ ہوں ۔