یو این آئی
کولمبو/لیگ اسپن آل راؤنڈر وینندو ہسرنگا کو ایشیا کپ کے لیے سری لنکا کی 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ہسرنگا بنگلہ دیش کے خلاف پچھلی سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے ، جس کی وجہ سے وہ زمبابوے کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے تھے ، لیکن توقع ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے مقابلے کے لیے فٹ ہو جائیں گے ۔ زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں دوشمن ہیمانتا کی جگہ ہسرنگا کو شامل کیا گیا ہے ، جب کہ ان کیپڈ بلے باز ویشن ہالمبگ کو ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ ہسرنگا کی واپسی کا مطلب ہے کہ ایشیا کپ کے لیے جانے والی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں اویشکا فرنینڈو، دنیش چندیمل، جیفری وینڈرسے اور ایشان ملنگا شامل نہیں ہیں۔ بلے باز نوانیڈو فرنینڈو اور کامل مشارا کے ساتھ فاسٹ بالر دشمنتا چمیرا کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دیگر تیز گیند بازوں میں چمیکا کرونارتنے شامل ہیں، جو محدود اوورز کی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ داسن شناکا کو بھی فاسٹ بالنگ آل راؤنڈر کے طور پر دوبارہ منتخب کیا گیا ہے ۔ اینجلو میتھیوز کی عدم موجودگی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ سلیکٹرز ان پر اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے غور نہیں کریں گے ۔ انہوں نے سال کے شروع میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن وہ محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے دستیاب ہیں۔