عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آرمڈ جموں و کشمیرآنند جین نے جمعہ کو اے پی ایچ کیو کانفرنس ہال سرینگر میں 2 آنے والے میگا ایونٹس ’’جشن ڈل 2025 اور رن فار یونٹی، کشمیر میراتھن 2025 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تیاریوں کی میٹنگوں کی صدارت کی۔ جشن ڈل 2025 کا انعقاد 13 سے 15 ستمبر تک ایس کے آئی سی سی، سرینگر کے پچھلے لان میں ہونا ہے۔ 3 روزہ فیسٹیول میں واٹر سپورٹس، ثقافتی پروگرام اور تفریحی مقابلے ہوں گے، جن کا مقصد کھیل کود، نوجوانوں کی شرکت اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ جس میں ملک بھر سے 3000 سے زائد ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔ رن فار یونٹی، کشمیر میراتھن 2025کا انعقاد 2اکتوبر کو پولیس گالف کورس، سرینگر میں کیا جائے گا۔ میراتھن 12 مختلف زمروں میں منعقد کی جائے گی، جس میں کھلاڑیوں اور فٹنس کے شوقین افراد کی بڑے پیمانے پر شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ دونوں تقریبات جموں و کشمیر پولیس کے سوک ایکشن پروگرام (سی اے پی) کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔میٹنگ کے دوران، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آرمڈ آنند جین نے جائزہ لیا اور جامع انتظامات کو حتمی شکل دی تاکہ دونوں تقاریب کے بخوبی انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔