سری نگر/ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈووکیٹ شوکت احمد میر نے کہا ہے کہ این سی نے ہمیشہ جمہوری اور پُرامن طریقے کو اپناتے ہوئے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا نصب العین عوامی خدمت، جمہوری قدروں کا تحفظ اور خود مختاری کی جدوجہد رہا ہے اور یہی اصول آج بھی پارٹی کی بنیاد ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعے کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر حلقہ انتخاب شالٹینگ کے اربن بلاک کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایڈووکیٹ شوکت میر نے کہا کہ تنظیم کی بالادستی اسی وقت قائم رہ سکتی ہے جب زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنایا جائے اور عوام کے ساتھ قریبی رشتہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے تاریخ کے ہر دور میں عوامی امنگوں کی نمائندگی کی ہے، چاہے وہ زمینوں کی اصلاحات ہوں، مفت تعلیم کی فراہمی ہو یا سماجی انصاف کی بات۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس محروم اور پسماندہ طبقوں کی آواز بنی اور ریاست میں جمہوری اداروں کے قیام کے لئے سنگ میل ثابت ہوئی۔ پارٹی نے ہمیشہ سیکولرزم، ریاستی وحدت اور عوامی حقوق کا دفاع کیا ہے، اور مشکل حالات میں بھی اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے خود مختاری، ریاستی درجہ کی بحالی اور عوامی حکومت کے قیام کے لئے ہمیشہ جمہوری جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے اور آئندہ بھی عوامی اشتراک سے ہر چیلنج کا سامنا کیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس نے ہر چیلنج کا جمہوری اور پُرامن طریقے سے مقابلہ کیا: صوبائی صدر
