سری نگر/کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے اراضی فراڈ کیس میں دو بدنام زمانہ دھوکہ بازوں کے خلاف دو الگ الگ مقدمے درج کئے ہیں۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) نے زمین دھوکہ دہی کے دو الگ الگ مقدمات میں دو دھوکہ بازوں کے خلاف مقدمے درج کئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمے ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن نوگام سری نگر اور شبیر احمد وانی ولد محمد اسماعیل وانی ساکن لسجن سری نگر کے خلاف درج کیے گئے ہیں جو دھوکہ دہی سے جائیداد فروخت کرنے، ریونیو دستاویزات کی جعلسازی وغیرہ میں ملوث ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک کیس ایک خاتون کی طرف سے جمع کرائی گئی شکایت پر درج کیا گیا ہے جس نے الزام لگایا ہے کہ ملزم ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن نوگام سری نگر نے اسے موضع بالہامہ میں واقع 1 کنال اور 5 مرلہ اراضی کا ٹکڑا سروے نمبر 312، کھیوٹ نمبر 27 اور کھاتہ نمبر 20 کو 25 لاکھ روپیے کے عوض فروخت کیا۔ تاہم اسے کوئی زمین فراہم نہیں کی گئی اور اس کے بجائے مذکورہ زمین کسی اور شخص کو فروخت کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور مقدمہ ایک فرد کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر درج کیا گیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن نوگام سری نگر اور شبیر احمد وانی ولد محمد اسماعیل وانی ساکن لسجان سری نگر نے شکایت کنندہ کو 1 کنال اور 10 مرلہ اراضی واقع بالہامہ پانتھہ چوک سری نگر میں سروے نمبر 1683/315 من، کھیوٹ نمبر 45 اور کھاتہ نمبر 317 کو 73 لاکھ روپیے کے عوض فروخت کیا جس کے لیے سیل ڈیڈ بھی رجسٹرڈ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تاہم، ملزمان نے ریونیو حکام کے ساتھ ملی بھگت سے ریونیو ریکارڈ میں جعلسازی کی اور مذکورہ زمین کسی دوسرے شخص کو فروخت کر دی اور اس طرح 73 لاکھ روپیوں کی رقم ہڑپ کر لی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاض احمد بٹ اور شبیر احمد وانی دونوں ایک سابقہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 14/2025 میں بھی ملوث تھے اور انہیں اس سے قبل اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) نے اسی طرح کے جرائم میں گرفتار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی جرائم نے دونوں کیسوں کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تیسرے فریق کے عہدیداروں کی کسی بھی شمولیت پر قانون کے تحت سختی سے تعاقب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ مزید کارروائی تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر کی جائے گی۔