محمد تسکین
بانہال//3روز تک جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے 270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کے روز تیسرے دن بھی بند رہی اور شاہراہ کی بحالی ابھی کئی دن کا وقت لے سکتی ہے۔ ضلع ادہمپور میں قومی شاہراہ کے کئی مقامات تباہ ہوئے ہیں۔ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں یکطرفہ ٹریفک بحال کیا گیا ہے تاہم ادہمپور کے جکھینی اور چنینی کے درمیان قومی شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور زمین کھسکنے سے ادہمپور کے بلی نالہ ، سمرولی اور دیول پل کے درمیان فورلین شاہراہ کے دو بڑے پل تباہ ہوئے ہیں جبکہ سمرولی کے علاقے میں توی ندی میں آئے سیلاب کی وجہ سے فورلین سڑک کے کئی سو میٹر ڈھہ گئے ہیں ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے راجہ عادل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع ادہمپور میں شاہراہ کی یکطرفہ بحالی میں چند روز کا وقت لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ شاہراہ کے متاثرہ مقامات کو کم از کم آئندہ دو دن میں یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ناشری اور بانہال سیکٹر میں پیڑاہ اور ماروگ کے درمیان بحالی کا کام جاری ہے۔ تاہم ادہمپور کے جکھینی اور چنینی کے درمیان سڑک کو شدید نقصان پہنچنے کیوجہ سے نگروٹہ کی ٹریفک پولیس چیک پوسٹ سے رِیاسی، چنینی، پتنی ٹاپ، ڈوڈہ، رام بن، بانہال اور سرینگر کی طرف کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہے ۔