شاہنواز
ریاسی // حالیہ موسلادھار بارشوں اور طغیانی کے باعث شدید تباہی کے بعد ضلع ریاسی میں بحالی کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ جمعرات کو ضلع مجسٹریٹ ریاسی، ندھی ملک نے متعدد متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بنیادی سہولیات کی بحالی کو جنگی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ڈی سی نے ریاسی کے سولا علاقے میں پانی سپلائی کی بحالی کا معائنہ کیا جبکہ خیرل جیڑی اور دیگر دیہات میں سڑکوں کے بحالی کام کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو جلد از جلد متاثرہ لوگوں تک رسائی کی ہدایات دیں۔دوسری جانب سب ڈویژن مہور اور سب ڈویژن درماڑی میں بھی سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے کام زور و شور سے جاری ہیں۔ ایس ڈی ایم مہور شفقت مجیدبٹ، تحصیلدار مہور جاوید اقبال کے ہمراہ متعدد مقامات پر پہنچے اور خود بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔ جمعرات شام تقریباً چھ بجے ریاسی–ارناس–مہور گریف روڈ سے بھاری پسیاں اور پتھر ہٹا کر مہور تک ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے، تاہم بی ایم جی روڈ کی مکمل بحالی میں دو سے تین روز مزید درکار ہوں گے۔ انتظامیہ کے مطابق مہور اور درماڑی سب ڈویژنز کی اندرونی رابطہ سڑکوں کا تقریباً 80 فیصد حصہ تاحال منقطع ہے، جنہیں تین سے چار دن میں مکمل طور پر بحال کرنے کا امکان ہے۔محکمہ بجلی کے اے ای ای نے بتایا کہ ارناس، تھور، درماڑی، مہور، چسانہ اور گلاب گڑھ بلاکوں میں بجلی سپلائی کا تقریباً اسی فیصد نظام بحال کر دیا گیا ہے جبکہ باقی متاثرہ علاقوں میں بھی جمعہ شام تک بجلی بحالی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔نقصانات کے حوالے سے ایس ڈی ایم مہور شفقت مجید بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ تمام تحصیلداروں کو روزانہ کی بنیاد پر نقصان کی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس کی بنیاد پر حکومت کی جانب سے رہنما ہدایات موصول ہونے کے بعد متاثرہ عوام کو معاوضے کی فراہمی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ریاسی ضلع کے متعدد علاقوں میں بھاری تباہی کے بعد بحالی کا کام جاری
