یو این آئی
کینبرا/آسٹریلیائی کرکٹر عثمان خواجہ کی آج صبح وزیراعظم انتھونی البانیز سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بات چیت کی۔ اس اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے بتایا کہ بات چیت کے دوران کئی حساس معاملات زیر بحث آئے ہیں۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ قیادت کا کردار ادا کرے اور اپنے اتحادیوں و شراکت داروں کے ساتھ مل کر غزہ کی صورتحال میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرے ۔ ان کا مزید بتانا تھا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ میرا خیال ہے آسٹریلیا کے پاس قیادت کرنے کا موقع ہے ، ہم طویل عرصے سے اس سوچ کے پیچھے چھپتے آئے ہیں کہ ہم صرف 27 ملین ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عثمان خوابہ نے کہا کہ ہماری بات کوئی نہیں سنتا اور ہمارے پاس طاقت نہیں ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ چھوٹی باتوں سے بڑی تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔ عثمان خواجہ کا ماننا ہے کہ آسٹریلیا عالمی سطح پر اپنی سیاسی و اخلاقی حیثیت کو استعمال کرکے قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ اس اس ملاقات سے قبل عثمان خواجہ نے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے ملاقات منسوخ کیے جانے پر مایوس ہیں تاہم بعدازاں وزیراعظم نے اُن سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی۔