عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ناساز موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں صوبے میں منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول بند ہیں۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں، ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں صوبے میں 26 اگست کو تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبا و عملے کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا۔
حکم نامے میں مزید کہا جموں کے تمام اضلاع میں اسکول بند رہیں گے تاکہ موسمی خطرات کے دوران کسی قسم کی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔
انہوں نے والدین اور طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں اور موسم کی بہتری تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
واضح رہے کہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے جموں صوبے میں پیر کو بھی اسکول بند رہے تھے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر کے کچھ علاقوں میں آج یعنی 26 اگست کو تیز اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں، دریائوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے احتراز کریں۔