عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے منگل کو فہرست جاری کرتے ہوئے سری نگر اور اننت ناگ میں 9 ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کارروائی گلے سڑے گوشت، مصنوعی پنیر اور زائد المیعاد مٹھائیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں کئی معروف گوشت اور کھانے پینے کے مراکز کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں، جن میں سرینگر کے لَسجن، زاکورہ، قمرواری اور اننت ناگ کے کے پی روڈ، اچھہ بل اور کڈی پورہ کے ادارے شامل ہیں۔
یہ کارروائی اس ہفتے کے اوائل میں ہونے والی بڑی ضبطیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی ٹیموں نے 12 ہزار کلو سے زائد گوشت، 21 کوئنٹل مصنوعی پنیر اور 440 کوئنٹل زائد المیعاد رس گلے ضبط کئے تھے، جس کا تہواروں کے موسم سے قبل مارکیٹوں میں ذخیرہ جا رہا تھا۔
جن اداروں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں ان میں ایم/ایس التقویٰ فوڈز (لسجن، سرینگر، ایم/ایس عارف انٹرپرائزز (بلبل باغ، ٹینگپورہ، سرینگر)،ایم/ایس سن شائن فوڈز (انڈسٹریل اسٹیٹ، ذاکورہ، سرینگر)، ایم/ایس انمول فوڈز (پرائم پورہ گھاٹ، قمرواری، سرینگر)، ایم/ایس جوبلینٹ فوڈ ورکس لمیٹڈ (ڈومینوز پیزا، کے پی روڈ، اننت ناگ)، ایم/ایس شان شاہی بریانی (کے پی روڈ، اننت ناگ)، ایم/ایس شان فش فرائی (اچھہ بل اڈہ، اننت ناگ)، ایم/ایس بسم اللہ سویٹس (انڈسٹریل اسٹیٹ، اننت ناگ)، ایم/ایس کھانڈے پولٹری (کڈی پورہ، اننت ناگ) شامل ہیں ـ
ایف ڈی اے نے ایک عوامی نوٹس میں پہلے ہی کہا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، جس میں 10 لاکھ روپے تک جرمانہ، لائسنس کی منسوخی اور چھ سال تک قید کی سزا شامل ہے۔
حکام نے کے بتایا کہ اب تک 12 فوڈ سیمپلز کی جانچ کی گئی ہے جن میں سے چار کو مضر صحت قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان میں نقصان دہ مصنوعی رنگ پائے گئے۔
مزید کہا گیا کہ تحقیقات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید اداروں کے خلاف بھی اس طرح کی کارروائی ہوسکتی ہے۔