حسین محتشم
پونچھ // سرحدی ضلع پونچھ میں ماہِ مبارک ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی جشن عید میلاد النبیﷺ کا سلسلہ زور و شور سے شروع ہو گیا ہے۔عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس بابرکت مہینے کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بازاروں، فصیلوں، پہاڑی چوٹیوں، پلوں اور مذہبی مقامات کو سبز پرچموں سے مزین کر دیا ہے۔ سبز جھنڈوں اور روشنیوں سے سجاوٹ کے یہ دلکش مناظر ایمان کو تازگی بخشتے ہیں اور شہر و دیہات کی فضاؤں کو خوشبوئے محبتِ رسولﷺ سے معطر کر رہے ہیں۔عاشقانِ محمد مصطفیﷺ نے اپنے گھروں، دکانوں اور گلی محلوں کو چراغاں کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا، جبکہ مختلف مساجد، خانقاہوں اور درباروں میں ذکر و نعت کی محافل کا انعقاد شروع ہو چکا ہے۔ تعلیمی اداروں میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں طلبہ حضور اکرمﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے تقاریر، نعت خوانی اور مشاعرے پیش کر رہے ہیں۔شہرپونچھ کے مرکزی بازاروں میں جگہ جگہ میلاد کمیٹیوں کی جانب سے اور عاشقانِ مصطفیﷺ سجاوٹ کی جا رہی ہیں۔ اس دوران امن و اخوت کا پیغام عام کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرے میں بھائی چارہ اور محبت کی فضا کو مزید فروغ دیا جا سکے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ ایمان کو تازگی بخشنے اور سیرتِ نبویﷺ کے عملی پیغام کو عام کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر عظیم الشان جلوسوں، محافل نعت و ذکر اور سیرت کانفرنسوں کے انعقاد کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ ضلع پونچھ کی فضا نعتیہ کلام، درود و سلام اور ذکرِ مصطفیﷺسے گونج اٹھی ہے جو اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ یہاں کے عوام حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں سرشار ہیں۔