اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ڈوڈہ ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں مسلسل دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں ڈوڈہ-بٹوت قومی شاہراہ، ٹھاٹھری-کلہوتران شاہراہ، ٹھاٹھری-بھدرواہ روڈ اور اندرونی دیہات کی کئی رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے پتھر اور پسیاں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، جنہیں وقتاً فوقتاً ہٹایا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ایمرجنسی کی صورت میں کنٹرول روم و ہیلپ ڈیسک سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ادھر سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر گندوہ کے بازار میں پسی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ دو گاڑیاں ملبے کی زد میں آگئیں۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جبکہ زرعی شعبے اور تعمیراتی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔