عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ سائبر سیکورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور حساس سرکاری ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ نے پیر کو ایک اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر میں یو ایس بی اور’ پین ڈرائیوز‘ کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ سرکاری حکم کے مطابق یہ پابندی سول سیکرٹریٹ، ضلعی دفاتر اور دیگر تمام انتظامی یونٹوں میں نافذ العمل ہوگی۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈیٹا شیئرنگ کے لیے حکومت کے محفوظ پلیٹ فارم “گو ڈرائیو” کا استعمال کریں۔ حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی صورت میں پین ڈرائیوز کے استعمال کی ضرورت پیش آئے تو اس کے لیے باقاعدہ منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔