محمد تسکین
بانہال// ہفتے کی آدھی رات سے رام بن اور بانہال کے علاقوں میں شروع ہوئی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ اتوار کی دوپہر تک جاری رہا تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مجموعی طور معمول کے مطابق جاری رہی ۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں کئی مقامات پر پتھروں کے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی کئی بار اثر انداز ہوئی تاہم یہ رکاوٹیں مختصر وقت کے اندر صاف کی گئیں۔ ہفتے کی رات سے شروع ہوئی بارشوں سے صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں گرم موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے اور فصلوں اس بارش سے جہاں خوب سیرابی حاصل ہوئی ہے وہیں ندی نالوں میں پانی بڑھ گیا یے اور سوکھنے کی دہلیز پر سوکھ رہے چشموں میں بھی پانی بڑھنے کی امید ہے۔ اتوار شام تک پورے ضلع رام بن میں موسم ابرآلود بنا ہوا تھا اور بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب ، نالہ بشلڑی ، مہو ۔ منگت۔ کھڑی نالہ ، ڈولیگام نالہ سمیت کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا یے۔ ٹریفک پولیس حکام نے اتوار کی شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر واقع ادہم پور ۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں جم کر بارشیں ہوئی ہیں تاہم شاہراہ مجموعی طور قابل آمدورفت رہی۔ انہوں نے کہا کہ رام بن کے کیلا موڑ اور شیر بی بی سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے پتھر بھی گرتے رہے تاہم وہاں موجود نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری کی مدد سے شاہراہ کو ساتھ ساتھ صاف بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو جموں اور ادہم پور سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی ۔