فیاض بخاری
بارہمولہ // اندرگام پٹن میںپانی کی سکیم کروڑوں کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے کے باوجود صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے،جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہیں ۔مقامی لوگوں نے بار بارکی یقین دہانیوں کے باوجود حکومت کی جانب سے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ایک مقامی شہری نثار احمد نے بتایا کہ سخت گرمیوں کے ایام میں ان کے علاقے میں پینے کے صاف پانی کو لیکر ہا ہا کار مچی ہوئی ہے اور لوگ پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ اس معاملے میں لوگوں نے کئی مرتبہ محکمہ جل شکتی کو مطلع کیا تھا تاہم محکمہ نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ سرکار کی جانب سے پٹن میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک واٹر سپلائی اسکیم بنائی گئی تھی بدقسمتی سے وہ صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور لوگوں کو ندی نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ اگزیکیٹو انجینئر پٹن مدثر احمد نے بتایا کہ ہم یہ کام آزمائشی بنیاد پر کر رہے ہیں کیونکہ اسے محکمہ کے حوالے نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چند روز قبل موٹر جل گئی تھی جس کی وجہ سے ہمیں کچھ خامیوں کا سامنا ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر اسے محکمہ کے حوالے کیا جائے گا تو اسے مکمل طور پر کام پرلگایا جائے گا۔