عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کی صبح گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج چسوتی بادل پھٹنے کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہاں 16 افراد زیر علاج ہیں اور سبھی کی حالت مستحکم ہے امید ہے کہ جلد ہی مکمل طور پر صحتیاب ہوکر اپنے اپنے گھر واپس جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ابھی بھی 32 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ مرکزی اور جموں وکشمیر انتظامیہ متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے تمام تر اقدام کر رہی ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورہ چسوتی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ آج یہاں آ رہے ہیں اگر موسمی صورتحال ٹھیک رہی تو چسوتی جائیں گے اگر خراب رہے تو جموں میں ہی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ جموں وکشمیر کی تازہ موسمی صورتحال کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایڈوائزری جاری کی گئی ہے تاکہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
کشتواڑ سانحہ: جی ایم سی جموں میں زیر علاج سبھی 16 زخمیوں کی حالت مستحکم
