عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر سہر کھڈ کے مقام پر پل کو اتوار کی صبح اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے شدید نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں آئی طغیانی نے پل کی ساخت کو کمزور کر دیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سہر کھڈ کے قریب واقع یہ پل پانی کا دباو برداشت نہ کر سکا اور اس کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بارشوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس سے مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ شاہراہ پر بھاری گاڑیوں کو روک دیا گیا ہے جبکہ ہلکی گاڑیوں کے لیے متبادل راستوں کی تلاش جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ہائی وے کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں طغیانی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
سیلابی صٓورتحال :کٹھوعہ میں قومی شاہراہ پر پل کو نقصان، ٹریفک متاثر
