عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج یعنی اتوار24اگست کو کشتواڑ ضلع کے پاڈر تحصیل میں چسوتی گاو ں کا دورہ کریں گے، جہاں گزشتہ دنوں بادل پھٹنے سے آئے تباہ کن سیلابی ریلے درجنوں افرادکی ہلاکتوں کا باعث بنے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور فوج کے اہلکاروں سے بھی ملیں گے جو 14اگست سے جاری بچاو و راحت کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع خصوصی ہوائی جہازمیںگلاب گڑھ کے علاقے میں اتریں گے اور وہاں سے گاڑیوں کے ایک قافلے میں تقریباً25 کلومیٹر دور چسوتی گاو ں جائیں گے۔ اس وقت فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستے32 لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔بادل پھٹنے کے نتیجے میں اب تک65افراد ہلاک اور 115زخمی ہوئے ہیں جبکہ 32اب بھی لاپتہ ہیں۔ صرف چسوتی گائو ں میں ہی13افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 10کی لاشیں بازیاب کر لی گئیں جبکہ 3تاحال لاپتہ ہیں۔ اس سانحے کے دوران ایک لنگر اور کئی ڈھانچے بھی پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔پاڈر۔ناگسینی اسمبلی حلقے میں کے اس گائوں کی اسمبلی میں نمائندگی بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کر رہے ہیں۔ وہ سانحے کے پہلے دن سے ہی علاقے میں موجود ہیں اور راحتی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سانحے کے بعد مقامی انتظامیہ کے علاوہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر کئی لیڈران نے بھی علاقے کا دورہ کیا۔ادھر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے دورے کشتواڑ کے پیش نظر سیکورٹی جموں اور کشتواڑ میں بڑھا دی گئی ہے ۔ چسوتی اور کشتواڑ کے دیگر علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اہم اور حسا س مقامات کو فورسز کی تحویل میں دیا گیا ہے ۔