زاہدبشیر
گول // سب ڈویژن گول کے بیشتر سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی شدید قلت نے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ متعدد سکولوں میں طلبہ کی تعداد سینکڑوں میں ہے مگر اساتذہ بمشکل دو یا تین تعینات ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔گول ریزیڈینسی میں پی ڈی پی لیڈر شہباز مرزا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں آدھے سیشن میں اساتذہ کے اچانک تبادلے حیران کن ہیں جس وجہ سے بچوں کی پڑھائی پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہاں گول زون میں پہلے سے ہی اساتذہ کی شدید قلت پائی جارہی تھی لیکن اچانک تبادلوں سے مزید سکولوں میں اساتذہ کی کمی کامسئلہ کھڑا کردیا جس وجہ سے بچے کافی پریشان ہیں۔شہباز مرزا نے کہاکہ گرلز ہائی سکول گول سے پانچ اساتذہ کا تبادلہ عمل میں لایا گیا جس کے برعکس وہاں پر صرف دو اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ اس طرح سے بہت سارے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کم کوئی اور زیادہ کو اٹھایا گیا۔انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہاکہ سرکار تعلیم کو بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور جلد پورے ضلع رام بن میں سرکار کی اس منفی سوچ والی پالیسی کے خلاف زور دار احتجاج کیاجائے گا۔وہیں اس دوران مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کوبتایاکہ حکومت کی جانب سے کئی بار یقین دہانیوں کے باوجود اس مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا گیا۔ بعض سکولوں میں مخصوص مضامین جیسے ریاضی، سائنس اور انگریزی کے اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کی تعلیمی بنیادیں کمزور ہو رہی ہیں۔ والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اس پر توجہ نہ دی گئی تو بچے تعلیمی میدان میں پیچھے رہ جائیں گے۔طلبہ بھی شکایت کرتے ہیں کہ ایک ہی استاد کو بیک وقت کئی جماعتوں کو پڑھانا پڑتا ہے، جس سے ان کی سمجھنے کی صلاحیت کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ کئی سکولوں میں ہیڈ ماسٹر یا ہیڈ ٹیچر کو بھی پڑھانے کی ذمہ داریاں نبھانی پڑتی ہیں، جس سے انتظامی اور تعلیمی دونوں امور متاثر ہوتے ہیں۔اس دوران سماجی و تعلیمی تنظیموں نے محکمہ تعلیم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گول زون میں فوری طور پر اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت اگر واقعی “ہر گھر تعلیم” کے نعرے کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے تو سب سے پہلے دیہی اور پہاڑی علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کیاجائے تاکہ بچوں کا مستقبل کامیاب ہو۔