محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چملواس بانہال میں اساتذہ کی شدید کمی اور ناقص انفراسٹرکچر سے سیکڑوں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔سکول 2019سے انگریزی لیکچرر کی اسامی کے بغیر چل رہا ہے جبکہ پولیٹیکل سائنس کی اسامی بھی خالی پڑی ہے۔ فی الحال سکول سی آر سی یا لیکچراروں کے عارضی انتظامات کے تحت چل رہا ہے جس میں لیکچراروں کی منظور شدہ تعداد کے مقابلے میں صرف چھ لیکچرار دستیاب ہیں جبکہ تین اسامیاں خالی پڑی ہیں۔اس کے علاوہ چار ماسٹر گریڈ پوسٹس بھی خالی ہیں، جبکہ جونیئر اسسٹنٹ کی منتقلی کے بعد اس کا کوئی متبادل بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ سکول میں فزیکس، کیمسٹری اور زالوجی کی لیبارٹریاں دستیاب نہیں ہیں، جس کے باعث طلباء پریکٹیکل کا عملی کام انجام دینے سے قاصر ہیں۔مقامی سماجی کارکن محسن خان نےوزیر تعلیم سکینہ ایتو ، چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن اور زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال سے اپیل کی کہ وہ ان دیرینہ مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔خان نے کہا کہ سائینس لیبارٹری کے بغیر سکول میں سائنس طلباء کا داخلہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے طلباء سب سے زیادہ متاثر ہیں کیونکہ ان کی تعلیم میں خلل پڑ رہا ہے اور امتحانات کے دوران وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا پاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھتے ہیں لیکن اساتذہ اور سہولیات کی کمی ان خوابوں کو چکنا چور کر رہی ہے۔انہوں نے لیکچررز کی منتقلی کی متوقع فہرست کے پیشِ نظر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں اور سی ای او رام بن سے اپیل کی کہ فوری طور پر لیکچررز، ماسٹر گریڈ اساتذہ، ایک جونیئر اسسٹنٹ اور فزیکل ایجوکیشن لیکچرر کی تعیناتی عمل میں لائیں اور ساتھ ہی سائنس لیبارٹریوں کو بھی بہتر بنایا جائے۔