یو این آئی
سرینگر/مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل و امورِ نوجوانان، محترمہ رکشا کھڈسے نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور یہاں کے نوجوان ملک کے سب سے بڑے ترقیاتی خواب ‘وِکست بھارت 2047’ کو حقیقت میں بدلنے میں اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک بھارت کو مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اس مشن کی کامیابی میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے ۔ مرکزی وزیر جمعہ کو یہاں شیرِ کشمیر انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ وشو سیلیکشن ٹرائل میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ یہ ٹرائلز آئندہ سال جاپان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کی تیاری کے سلسلے میں منعقد کئے گئے تھے جن میں ملک بھر سے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مرکزی وزیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان سے جوڑنے اور انہیں ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ، جس سے وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری کوشش ہے کہ کھیل کو ہر گھر تک لے جایا جائے ۔ یہاں منعقد ہونے والے قومی سطح کے مقابلے اس خطے کے نوجوانوں کو نئی راہیں دکھائیں گے اور انہیں اس قابل بنائیں گے کہ وہ بھارت کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔‘‘وزیر نے مزید کہا کہ کھیل صرف تفریح یا جسمانی سرگرمی نہیں بلکہ یہ قوم کی توانائی اور عزم کو عملی شکل دینے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے قومی و بین الاقوامی مقابلے جموں و کشمیر میں کھیلوں کی ایک نئی صبح لے کر آئیں گے اور یہاں کے نوجوان اس سفر میں بھارت کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔