محمد تسکین
بانہال // محکمہ سماجی بہبود بانہال اور پنچایت لامبر بانہال کے یوتھ کلب کے زیرِ اہتمام انجمن پبلک سکول عشِر بانہال میں 21اگست کو منائے جا رہے سینئرسٹیزن ڈے کے عالمی دن کی نسبت سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں بزرگ شہریوں اور سکول کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ محکمہ سماجی بہبود ، یوتھ کلب عشر اور انجمن بپلک سکول عشر کے اشتراک سے منعقد اس پروگرام کا مقصد بزرگ شہریوں کی خدمات، قربانیوں اور تجربے کو تسلیم کرنا تھا اور سماج میں ان کے احترام کو اجاگر کرنا تھا تاکہ معاشرے کو یاد دلایا جائے کہ بزرگ افراد ہماری زندگیوں کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ہمیں ان کی عزت، دیکھ بھال اور سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی کمی اور کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔محکمہ سماجی بہبود بانہال کے تعاون سے تقریب کا اہتمام یوتھ کلب صدر پنچایت لامبر بانہال شاہد خان کی قیادت میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں موجود شرکاء نے پولیس اور سماجی بہبود کے اشتراک سے چلائی جانے والی قومی مہم نشہ مکّت بھارت کے تحت نشے کی لعنت کے خلاف عہد لیا۔ طلبہ نے سماجی پیغام پر مبنی ایک سکیٹ پیش کی جو حاضرین میں خاصی پذیرائی حاصل کر گئی۔اس تقریب کے آخر میں بزرگ شہریوں اور طلبہ کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تاکہ پروگرام کو خوشگوار ماحول میں اختتام بخشا جا سکے۔ یوتھ کلب کے صدر شاہد خان اور محکمۂ سماجی بہبود مسور احمد گیری نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرتی ہم آہنگی اور نشے جیسی برائیوں کے خلاف شعور بیدار کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں اور سماج کو ایک بہتر پیغام دینے کی کوشش کی جاتی ہے ۔