حسین محتشم
پونچھ//سرنکوٹ کی پنچایت اپر گونتھل میں حوالدار موڑ سے سانگلہ گلی تک تعمیر ہونے والی 4 کلومیٹر سڑک کی ناقص کارکردگی نے مقامی آبادی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔شہریوں کے مطابق 8 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی سڑک نہ تو مناسب نالیوں سے لیس ہے اور نہ حفاظتی دیواریں (ڈنگے) ہیں۔انہوں نے کہاکہ بارش کے پانی نے سڑک کے ساتھ ساتھ کھیتوں اور گھروں میں بھی داخل ہو کر کیچڑ اور نقصان پیدا کیا ہے کئی گاڑیاں کیچڑ میں پھنس گئیں، جنہیں ٹریکٹر کی مدد سے نکالا گیا۔مقامی معززین حاجی برف دین، محمد اقبال، عبدالرشید، محمد یوسف، محمد الیاس، حاجی گلزار حسین اور حق نواز نے ٹھیکیدار پر شدید غفلت کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں معیار کو نظر انداز کیا گیا اور حفاظتی اقدامات مکمل طور پر نظر انداز ہوئے۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سڑک کے دونوں اطراف ڈنگے اور نالی تعمیر کرے تاکہ زمینیں اور مکانات محفوظ رہیں۔ اگر فوری توجہ نہ دی گئی تو نہ صرف سڑک بلکہ مقامی مکانات بھی خطرے میں ہیں۔مقامی لوگ کہتے ہیں کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنی سڑک ان کیلئے مشکلات کا سبب بن گئی ہے اور حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ فوری کارروائی کریں اور اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں۔