سمت بھارگو
راجوری //ضلع راجوری میں ایک 50 سالہ شخص کے لاپتہ ہونے کے بعد انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے۔ یہ واقعہ تین روز قبل اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص دریا کے پانی میں لاپتہ ہوگیا۔لاپتہ شخص کی شناخت دیپ سنگھ ولد سنتوک سنگھ سکنہ پتراری لڑو کا، تحصیل قلعہ درہال، سب ڈویژن نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دیپ سنگھ کو آخری بار ایک پانی کی ندی کے قریب دیکھا گیا تھا جہاں بعد میں اس کے کپڑے بھی ملے۔ تاہم علاقے میں آئے فلیش فلڈ کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔افسران نے بتایا کہ پولیس ٹیموں کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی رضاکار مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ سرچ آپریشن میں نہر کے مختلف حصے اور وہ مقامات شامل ہیں جہاں سے یہ پانی دریا سے ملتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مسلسل کوششوں کے باوجود ابھی تک لاپتہ شخص کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تاہم حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ یہ سرچ آپریشن لاپتہ شخص کی بازیابی تک جاری رہے گا۔