سمت بھارگو
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) کے رجسٹرار، ابھشیک شرما کی صدارت میں ایک جامع جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف تدریسی شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں، داخلہ عمل، امتحانات، ہاسٹل سہولیات اور یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران رجسٹرار نے یونیورسٹی میں نئی تعلیمی پالیسی (NEP-2020) کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ نئے قائم شدہ شعبوں کے لئے کمرہ جماعت، فرنیچر اور دیگر لازمی سہولیات کو اولین ترجیح پر مکمل کیا جائے تاکہ کلاسوں کا سلسلہ کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے۔ہاسٹل سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے رجسٹرار نے ہدایت دی کہ مقیم طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے جاری مرمت و تزئین نو کے کاموں کی رفتار بڑھانے پر زور دیا تاکہ ہاسٹل کی جدید سہولیات وقت مقررہ میں مکمل ہوں۔اجلاس میں رجسٹرار نے متعلقہ شعبوں کو ایک ہفتے کے اندر تمام طلباء، اساتذہ اور عملے کو شناختی کارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دی ساتھ ہی انہوں نے جاری داخلہ عمل کا جائزہ لیتے ہوئے تدریسی شعبہ جات کو تاکید کی کہ داخلہ مقررہ وقت میں ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں نے جدید تعلیمی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایک مرکزی کمپیوٹنگ سہولت قائم کرنے کی ہدایت دی، تاکہ مختلف شعبہ جات کے طلبہ کو ٹیکنالوجی تک آسان رسائی مل سکے۔ انہوں نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن پر بھی زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ وقت میں یہ عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔حکومت ہند کے وژن کے مطابق کمیونٹی انگیجمنٹ پر زور دیتے ہوئے رجسٹرار نے تدریسی شعبہ جات کو قریبی دیہات کو اپنانے اور وہاں عوامی فلاحی سرگرمیاں چلانے کی ہدایت دی تاکہ یونیورسٹی شمولیتی اور پائیدار ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔اس موقع پر رجسٹرار ابھشیک شرما نے کہا کہ بی جی ایس بی یو معیاری تعلیم کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور نیپ 2020 کے وڑن کے مطابق کام جاری رکھے گی۔