عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ//بہار میں کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کل اپنے پانچویں دن میں داخل ہوئی، جس نے ریاست کی سیاست میں نئی حرارت پیدا کر دی ہے۔ اس یاترا کا مقصد عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حق یعنی ووٹ کے تحفظ کے لیے بیدار کرنا ہے۔یاترا کا آغاز صبح 9 بجے شیخ پورہ سے ہوا، جہاں شرکا نے تین موہانی درگا مندر سے مارچ شروع کیا۔ قافلہ پٹیل چوک سے آگے بڑھتے ہوئے چیواڑا چوک اور سکندرا کے راستے بس اسٹینڈ، لکھی سرائے پہنچا، جہاں آرام کا وقفہ رکھا گیا۔ دوپہر کے بعد شام 4 بجے یاترا کا دوسرا مرحلہ پٹرول پمپ بازار کمیٹی سے شروع ہوگا۔ اس کے بعد منگیر کے ہیمجا پور، جمال پور اسمبلی حلقے میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا جائے گا۔ یاترا کا اختتام اور شب قیام صفی آباد (منگیر) میں ٹاٹا موٹرز کے سامنے ہوگا۔یاترا کے ساتھ کانگریس نے ایکس پر لکھا، ’’بہار کی عوام ووٹ چوری کی سازش کو سمجھ چکی ہے۔ آج ہر ووٹر اپنے حق کے تحفظ کے لیے ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ جمہوریت کی حفاظت کے لیے یہ یاترا جاری ہے۔‘‘ مزید کہا گیا، ’’کروڑوں امیدوں کی مشعل لیے ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کا حق کسی کو چھیننے نہیں دیں گے۔‘‘بہار پردیش کانگریس صدر راجیش رام نے اپنے بیان میں کہا، ’’بابا صاحب نے آئین میں ہر شہری کو ووٹ کا حق دیا تھا لیکن بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر یہ حق چھین رہے ہیں۔ ایس آئی آر کے نام پر انتخابی فہرست سے غریبوں کے نام چن چن کر کاٹے جا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ہمیں متحد ہو کر ووٹ کے حق کی لڑائی لڑنی ہوگی۔‘‘بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے یاترا میں شامل عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’آپ نے جس طرح یاترا میں شامل ہو کر ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے، اسی جذبے کے ساتھ ہم ان بے ایمانوں کو اقتدار سے بے دخل کریں گے اور غریب کا راج قائم کریں گے۔‘‘